31 مارچ ، 2012
لاہور … امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ حکومت میں شامل ٹرائیکا پیپلز پارٹی، اے این پی اور متحدہ قومی موومنٹ جب چاہتے ہیں کراچی کو آگ اور خون میں نہلا دیتے ہیں، تینوں حکمران جماعتوں کو کراچی کو میدان جنگ بنادیا ہے۔ منصورہ سے جاری ہونے والے اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ تینوں گروہ بلا شرکت غیرے کراچی پر بزور بازو اپنی گرفت مضبوط کرنا چاہتے ہیں، حکمران اتحاد میں شامل پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور اے این پی نے کراچی کو میدان جنگ بنا دیا ہے جس میں روزانہ درجنوں معصوم شہریوں کے خون سے ہولی کھیلی جارہی ہے، بھتہ وصولی اور ٹارگٹ کلنگ میں ایک دوسرے کو مات دینے اور کراچی پر قبضے کی جنگ نے شہریوں کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں اکثریت کے باوجود پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم کو حکومت میں شامل کرکے اسے بھتہ وصولی اور ٹارگٹ کلنگ کا لائسنس دے دیا ہے، کراچی کے تاجر تینوں حکمران پارٹیوں کو بھتہ دینے پر مجبور ہیں اور جانیں بچانے کیلئے اپنے کاروبار کراچی سے باہر منتقل کررہے ہیں۔ سید منور حسن نے کہا کہ کراچی میں کاروبار زندگی ٹھپ ہوچکا ہے، آج پورا شہر بند رہا اور شہرمیں ہر طرف خوف و ہراس پایا جاتا ہے، کسی کی جان، مال اور عزت محفوظ نہیں رہی، تینوں پارٹیوں کے جھنڈوں، بینروں اور قائدین کی تصاویر کی ہر طرف بھرمار ہے،اس وقت صدر زرداری کراچی میں موجود ہیں لیکن وہاں ہو کا عالم ہے۔