31 مارچ ، 2012
کراچی … کراچی میں ہونے والے حالیہ بدامنی کے واقعات کا چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس مشیر عالم نے نوٹس لے لیا ہے۔ رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ عبدالرسول میمن کے مطابق چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے کراچی میں پرتشدد واقعات میں انسانی جانوں کے نقصان کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی رینجرز اور آئی جی پولیس سے آج شام تک رپوٹ طلب کی تھی۔ سندھ ہائی کورٹ کے ذرائع کے مطابق ڈی جی رینجرز اورآئی جی سندھ نے کراچی میں حالیہ ہنگاموں سے متعلق رپورٹ سندھ ہائی کورٹ میں جمع کرادی جو چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس مشیر عالم کو پشاور ارسال کر دی گئی جس کا وہ جائزہ لے رہے ہیں۔ اس سے پہلے چیف جسٹس پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری نے بھی کراچی میں بدامنی کے واقعات کا نوٹس لیا تھا ، جس کے بعد پولیس، رینجرز اور ایف سی کو چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کی سربراہی میں قائم کمیٹی کو ماہانہ رپورٹ پیش کرنا ہوتی ہے۔