کاروبار
31 جنوری ، 2014

گزشتہ دور میں این ایل سی سے کیا گیا کارگو ٹرین سروس معاہدہ ختم

گزشتہ دور میں این ایل سی سے کیا گیا کارگو ٹرین سروس معاہدہ ختم

لاہور…گزشتہ دور حکومت میں کیے گئے کارگو ٹرین سروس سے متعلق ”ٹریک ایکسیس“ معاہدے کو وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ وزیر ریلوے کا کہنا ہے کہ فریٹ ٹرین ریلوے خود چلائے گا، این ایل سی کے منگوائے گئے انجن ریلوے کرایے پر چلائے گا جس کا کرایہ تیار کیا جارہا ہے۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں این ایل سی سے ”ٹریک ایکسیس“ کا معاہدہ کیا گیا جس کے تحت بوگیاں، ٹریک اور ملازمین ریلوے کے جبکہ انجن این ایل سی کا استعمال ہونا تھا۔میاں نواز شریف کی نئی حکومت آتے ہی معاہدہ کا جائزہ لینے سے پتہ چلا کہ اس ایگریمنٹ سے ریلوے کو بھاری نقصان اٹھانا پڑتا جس کی وجہ سے اسے ختم کردیا گیا۔ این ایل سی کو بتادیا کہ فریٹ ٹرین ریلوے خود چلائے گا اس متعلق کوارٹر ماسٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل نجیب اللہ خان سے بھی بات کرلی ہے۔ این ایل سی کے منگوائے گئے انجن ریلوے کرایے پر چلائے گا جس کا کرایہ ریلوے کا مارکیٹنگ ڈیپارٹمنٹ ایک اکاؤنٹس فرم سے مل کر تیار کررہا ہے۔

مزید خبریں :