05 فروری ، 2014
کراچی…کراچی کے قریب گھگر پھاٹک پر دھماکے سے متاثرہ ریلوے لائن کا ڈاوٴن ٹریک بحال کردیاگیا، جس کے بعد کراچی سے اندرون ملک ٹرینوں کی آمد و رفت شروع ہوگئی۔ کراچی سے لاہور جاتے ہوئے دھابیجی پر دہشت گردی کا شکار بننے والی شالیمار ایکسپریس کے کچھ مسافر وں کو بسوں اور کچھ کواسی ٹرین کی تین بوگیوں کے ذریعے کراچی کینٹ اسٹیشن لایا گیا جہاں ان مسافروں کو سنبھالنے اور ان کے کھانے پینے کا انتظام کیا گیا تھا۔ رات گئے ریلوے حکام نے ڈاؤن ٹریک بحال کرکے متاثرہ ٹرین کے مسافروں کو کراچی کینٹ سے چلنے والی نائٹ کوچ سے لاہور کیلئے روانہ کردیا گیا۔ ریلوے حکام کا کہنا تھا کہ کراچی سے اندرون ملک جانے والی تمام ٹرینوں کی آمدورفت شروع ہوچکی ہے جبکہ اپ ٹریک کی مرمت کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔