20 فروری ، 2014
پشاور…وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے اور ڈرگ ریگولیشن اتھارٹی نے پشاور چارسدہ روڈ پر مشترکہ کارروائی کے دوران ایک گھر سے مشہور برانڈز کے جعلی انجکشنز اور ادوایات برآمد کر لیں۔ ایف آئی اے اور ڈرگ ریگولیشن اتھارٹی کی ٹیم نے چارسدہ روڈ پر ایک رہائشی مکان پر چھاپہ مارا تو وہاں سے ہزاروں کی تعداد میں انجکشنز اور ادوایات برآمد ہوئیں۔ جن کے بارے میں ان اداروں کا کہنا ہے کہ وہ جعلی ہیں، ان ادوایات میں اینٹی بیکٹریل، سرجری اور خون کی بیماریوں سے بچانے والی ادویات شامل ہیں۔ گھر سے ادویات کی نقلی پیکنگ، شیشے کی خالی بوتلیں، کوٹنگ پیپر ،مشینیں ، اسٹیکرز اور دیگر دستاویزات بھی برآمد ہوئیں، مکان میں موجود ایک ملزم کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ماہرین کاکہنا ہے کہ پاکستان کے مختلف شہروں میں بننے والی یہ جعلی ادوایات بڑے شہروں کی مارکیٹوں میں کھلے عام فروخت ہوتی ہیں۔ جو ملک میں مہلک امراض کے پھیلاوٴ کا سبب بن رہی ہیں۔