05 مارچ ، 2014
اسلام آباد…دبئی کی ایک کمپنی گڈانی میں کوِئلے سے بجلی پیدا کرنے کے دو پاور پلانٹس لگائے گی۔ پلانٹس سے مجموعی طور پر 1320 میگاواٹ بجلی حاصل کی جائے گی۔ اس سلسلے میں حکومت پاکستان اور دبئی کی ”عرب نیشنل کمپنی“ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔ معاہدے کی تقریب اسلام آباد میں ہوئی، جس میں وزیر اعظم نواز شریف بھی موجود تھے۔ معاہدے کے مطابق کمپنی گڈانی میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والے دو پاور پلانٹس تعمیر کرے گی، جس سے مجموعی طور پر 1320میگاواٹ بجلی حاصل کی جائے گی۔ منصوبے پر ڈھائی ارب ڈالرز لاگت آئے گی۔ عرب نیشنل کمپنی پاور پلانٹس کے علاوہ گڈانی میں جیٹی بھی تعمیر کرے گی۔ تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ توانائی کا شعبہ حکومت کی ترجیح ہے اور اسی سلسلے میں متعدد منصوبے شروع کئے جارہے ہیں۔