07 مارچ ، 2014
اسلام آباد…متحدہ قومی موومنٹ کے سینیٹر طاہر مشہدی نے کہا ہے کہ طالبان کے مطالبات ایسے ہیں جیسے وہ سپرپاور ہیں اور حکومت مجبور ہے۔ طاہر مشہدی کا مزید کہنا تھا کہ طالبان پاکستان کے دشمن ہیں، خوف کے مارے حکومت کمزوری دکھا رہی ہے، طالبان کے مطالبات تو ایسے ہیں کہ مذاکرات کامیاب تو دور کی بات آگے ہی نہیں بڑھ سکتے۔ صدر تحریک انصاف جاوید ہاشمی کہتے ہیں کہ ہمارے بچوں کومارنے والے دوست نہیں، دشمن ہیں۔جاوید ہاشمی نے مزید کہا کہ مذاکراتی عمل خوش آئند ہے تاہم ہمارے بچوں کومارنے والے دوست نہیں دشمن ہیں، ایسے عناصر کو معصوم افراد کو قتل کرنے کا سرٹیفکیٹ نہیں دیاجاسکتا۔ جے یو آئی(ف) کے رہنما مولانا عطاء الرحمان کا کہنا ہے کہ سوات اور وزیرستان میں بھی پہلے مذاکرات اور پھرآپریشن ہوا، اب بھی ایساہی لگ رہا ہے، لگتاہے سوات طرز کے آپریشن کی تیاری کی جارہی ہے۔ اے این پی کے سینیٹر زاہد خان کا کہنا ہے کہ ناکامی کے الزام سے بچنے کے لیے مذاکراتی کمیٹی میں فوج کو شامل کیا جا رہا ہے۔