07 مارچ ، 2014
کراچی… امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ تھر پارکر کے قحط زدہ عوام کی امداد کیلئے وزیر اعلیٰ سندھ نمائشی اقدامات کے بجائے عہدے سے مستعفی ہوجائیں، سندھ فیسٹیول میں ناچ گانے پراربوں روپے لٹانے والی حکومت کی جانب سے قحط زدہ عوام کیلئے 10 کروڑ روپے کا اعلان مضحکہ خیز ہے۔ ادارہٴ نورحق کراچی میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھاکہ حکومت سندھ تھر پارکر کے قحط زدہ علاقے میں غذائی اجلاس اور ادویات کی ترسیل میں ناکام رہی ہے۔ انہوں مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ سندھ بچوں کی اموات پر نمائشی اقدامات کے بجائے استعفیٰ دیں۔ انہوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی نے شہر کے مختلف مقامات پر” تھر امدادی کیمپس“ قائم کردیئے ہیں۔ جماعت اسلامی اور الخدمت کے تحت مستقل بنیادوں پر تھر پارکر کے عوام کیلئے کئی پروجیکٹس پر فلاحی سرگرمیاں جاری ہیں۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی نے غذائی اجناس، ادویات اور ڈاکٹروں کی ٹیم پر مشتمل امدادی سامان روانہ کیا۔