پاکستان
17 مارچ ، 2014

امریکی نیوی سیلز نے تیل بردار بحری جہاز قزاقوں سے چھڑالیا

امریکی نیوی سیلز نے تیل بردار بحری جہاز قزاقوں سے چھڑالیا

واشنگٹن…امریکی نیوی سیلز نے لیبیا کے مسلح افراد سے تیل بردار جہاز کا قبضہ چھڑا لیا۔ جہاز کے عملے میں چھ پاکستانی بھی شامل ہیں۔امریکی محکمہ دفاع پنٹاگان کا کہنا ہے کہ گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائیر میں موجود نیوی سیلز نے بحیرہ روم میں قبرص کے قریب کارروائی کی، آئل ٹینکر مارننگ گلوری کا کنٹرول حاصل کرنے کے دوران کوئی شخص زخمی نہیں ہوا، جہاز کے عملے میں چھ افراد پاکستانی ہیں ، جن میں کیپٹن مرزا نعمان بیگ ، چیف آفیسر غفران مرغوب احمد، سیکنڈ آفیسر سید محمد مہدی شمسی ، تھرڈ آفیسر سید آصف حسن ، نیک زادہ اور محمد ارشاد شامل ہیں ، مارننگ گلوری کو امریکی جنگی جہاز کی نگرانی میں واپس لیبیا لے جایا جائے گا۔ جہاں سے یہ ملیشیا کے زیر قبضہ مشرقی بندرگاہ سے غیر قانونی طور پر دو لاکھ بیرل سے زائد تیل لے کر روانہ ہوا تھا او راس کا کنٹرول تین مسلح لیبیائی باشندوں کے پاس تھا۔لیبیا کی نیوی کوشش کے باجود مارننگ گلوری کو لیبیا کی حدود میں روکنے میں ناکام رہی۔ جس کے بعد لیبیا اور قبرص نے امریکا سے اس آپریشن کی درخواست کی تھی۔ اس جہاز کی ملکیت بھی معمہ بنی ہوئی ہے ، پہلے یہ شمالی کوریا کے زیر استعمال تھا تاہم وہاں کی حکومت کا کہنا ہے کہ مصری کمپنی نے اسے تجارتی مقصد کیلیے حاصل کیا تھا اور تیل کی غیر قانونی شپمنٹ سے اس کا کوئی تعلق نہیں۔

مزید خبریں :