17 مارچ ، 2014
استور…استور میں 3روز سے وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے استور راول پنڈی اور استور گلگت روڈ بند ہوگیا۔دوسری جانب بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت، بلتستان اور کشمیر کے اکثر علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔محکمہٴ موسمیات کاکہنا ہے کہ اکثرعلاقوں میں بارش کا سلسلہ منگل کی صبح تک بتدریج ختم ہو جائے گا۔ محکمہٴ موسمیات کے مطابق اگلے 24گھنٹوں کے دوران مالاکنڈ،ہزارہ، پشاور، کوہاٹ ڈویژن،راول پنڈی،اسلام آباد، لاہور، گوجرانولہ، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن، کشمیر اور گلگت، بلتستان سمیت بعض علاقوں میں تیز ہواوٴں کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ آئندہ تین سے چار روز ملک کے اکثر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ آج کالام میں درجہٴ حرارت نقطہ انجماد پر رہا۔ کراچی میں کم سے کم درجہٴ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ لاہور اور پشاور میں 15ڈگری، اسلام آبادمیں 14، کوئٹہ 4 اور مری میں کم سے کم 1درجہٴ حرارت ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔