کاروبار
27 مارچ ، 2014

سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ بجٹ کے قریب ہوگا،ڈار

سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ بجٹ کے قریب ہوگا،ڈار

اسلام آباد…وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحق ڈار نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ ہوسکتا ہے، لیکن یہ فیصلہ بجٹ کے قریب ہوگا، پہلے سے کیسے بتادیں کہ کتنی تنخواہ بڑھے گی۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ تن خواہوں میں اضافے کا فیصلہ بجٹ کے قریب ہوگا،بجٹ بننے سے پہلے کیسے بتاسکتے ہیں کہ کتنا اضافہ ہوگا،میڈیا نے سرکاری ملازمین کی تن خواہوں کے بارے میں درست بیان جاری نہیں کیا، ابھی ایسا کوئی فیصلہ نہیں ہوا کہ سرکاری ملازمین کی تن خواہیں نہیں بڑھائی جائیں گی۔ سینیٹر اسحق ڈار نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی تن خوا میں اضافہ ہوسکتا ہے کیوں کہ سرکاری ملازمین کی ضرورتوں کا احساس ہے یہ کیسے ممکن ہے کہ ملک کا خیال رکھیں اور ملازمین کا نہ رکھیں۔ وفاقی وزیر خزانہ کو اس وضاحت کی ضرورت اس لیے پڑی کیوں کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزارت خزانہ نے تحریری طور پر آگاہ کیا کہ اس وقت بجٹ 2014-15ء کے دوران سرکاری ملازمین کی تنخواہ اور پنشن میں اضافہ کرنے کی کوئی تجویز حکومت کے زیر غور نہیں۔ وقفہٴ سوالات کے بعد وزیر خزانہ نے ڈیڑھ ارب ڈالرز کی امداد پر تفصیلی بیان دیا تاہم اس معاملے پر کوئی وضاحت نہ کی جبکہ ایم کیو ایم کے رکن مذمل قریشی نے اس بارے نشان دہی کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ وزات خزانہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کے بارے میڈیا پر جاری ہونے والی خبروں کی وضاحت کرے۔

مزید خبریں :