06 اپریل ، 2012
سرائیو و … بوسنیا ہرزے گووینیا کے دارالحکومت سرائیوو میں آج بوسنیائی جنگ کی 20 ویں برسی منائی جارہی ہے، برسی پر ٹیٹو ایونیو یعنی ”نشانہ بازوں کی گلی“ پر ایک میوزک کنسرٹ منعقد کیا جائے گا، جسے دی ریڈ لائن آف سرائیوو کا نام دیا گیا ہے جبکہ سرائیوو میں جنگ سے متعلق شہادتوں سے متعلق ایک میوزیم بھی بنانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ بوسنیائی دارالحکومت میں منعقدہ کنسرٹ میں سرائیوو کے ساڑھے 3 سالہ محاصرے کے دوران ترتیب دئیے گئے گیت گائے جائیں گے اور موسیقار 11,541 خالی نشستوں کے سامنے اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے تاکہ سرب گولہ باری یا میزائلوں کی بھینٹ چڑھنے والے افراد کو خراج تحسین پیش کریں۔ بوسنیا کے سرب رہنما کو اس وقت جنگی جرائم سے متعلق ٹریبونل میں اپنے خلاف نسل کشی کے مقدمے کا سامنا ہے۔ جنگ سے سب سے زیادہ متاثرہ اس شہر کی بیشتر آبادی مسلمانوں پر مشتمل ہے اور سرب باشندے وہاں سے چلے گئے ہیں۔دوسر ی جانب بوسنیا کے دارالحکومت سرائیوو میں ایک نیا میوزیم بنایا جائے گا جہاں جنگ کے دور سے متعلق لوگوں کی شہادتیں رکھی جائیں گی۔ بوسنیا جنگ میں بڑے پیمانے پر مسلمانوں کی نسل کشی کی گئی تھی۔ اب حکومت نے دارالحکومت سرائیوو میں مارشل ٹیٹو اسٹریٹ پر ایک میوزیم بنانے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے جہاں سرائیوو کے شہریوں کی ایک ہزار چار سو ویڈیوز رکھی جائیں گی۔ یہ تمام افراد جنگ کے دوران محفوظ رہے تھے اور انہوں نے جنگ کی تباہ کاریاں اپنی آنکھوں سے دیکھیں، ویڈیوز میں شہریوں نے جنگ سے متعلق اپنے تاثرات اور مشاہدات کا اظہار کیا ہے۔