09 اپریل ، 2012
کراچی … فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین ممتاز رضوی نے کہا ہے کہ حکومت آئندہ بجٹ میں عوام کی مشکلات کم کرے گی۔ کراچی میں اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان کے ارکان سے بات چیت میں چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں ٹیکس گزاروں کیلئے ٹیکس کا طریقہ کار آسان بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیلز ٹیکس میں رجسٹرڈ نہ ہونے والے خام مال کے خریدار کیلئے قومی شناختی کارڈ یا قومی ٹیکس نمبر کی شرط میں نرمی کیلئے تمام متعلقین سے بات چیت کی جائے گی۔ اس سہولت کیلئے ایف بی آر کے نوٹی فکیشن 191 میں تاجروں اور صنعتکاروں کے تحفظات کا جائزہ لیا جائے گا۔ ممتاز رضوی نے کہا کہ پاکستان میں آئندہ 5 سال میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے اور اس کے سرمایہ کاروں کوایف بی آر ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔