14 جولائی ، 2014
پشاور.....امیر جماعت اسلامی اور خیبر پختون خوا کے سینئر وزیر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت قبائلی عوام کی حمایت کرے، قبائل اپنے علاقوں کی حفاظت خود کرسکتے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت آپریشن کے سبب نقل مکانی کرنے والے افراد کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔ پشاور میں تقریب سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ آپریشن شروع کرنے سے پہلے نہ کوئی ٹائم فریم دیا گیا اور نہ ہی کسی لائحہ عمل کا اعلان کیا گیا، قبائلی علاقوں میں دس سال سے آپریشن جاری ہیں، جس کا نقصان عوام کو ہوا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ آپریشن کے سبب 10 لاکھ لوگ بے گھر ہوئے ہیں، جو شدید مشکلات کا شکار ہیں، حکومت ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔ سراج الحق نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں سیاسی اور معاشی اصلاحات کی ضرورت ہے، قبائلی علاقوں میں امن کا قیام قبائلی لوگ ہی بہتراندازمیں کرسکتے ہیں۔