14 جولائی ، 2014
اسلام آباد.........قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرسیدخورشید شاہ کاکہناہےکہ ملکی سیاست میں تصادم سے گریز کےلئےوہ وزیر اعظم اور عمران خان سےجلدرابطہ کرکے انہیں سمجھانے کی کوشش کریں گے،عمران خان کو یومِ آزادی پر مارچ سے گریز کرنا چاہیے لیکن وہ نہ مانیں تو حکومت مان جائے۔ جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے خورشیدشاہ نے کہا کہ انہوں نے حکومت اور تحریک انصاف کو مشورہ دیا ہے کہ وہ آپس کی جنگ اور تصادم سے گریز کریں،یہ تصادم کسی کے مفاد میں نہیں،صرف جمہوریت کو نقصان ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ وہ وزیر اعظم اور عمران خان سے جلد رابطہ کرکے انہیں سمجھانے کی کوشش کریں گےاور مفاہمت کی راہ پر چلنے کا مشورہ دیں گے۔انہوں نےکہاکہ اول تو عمران خان کو یوم آزادی پر لانگ مارچ سے گریز کرنا چاہیے،لیکن اگر وہ اپنا فیصلہ واپس نہ لیں تو حکومت کوئی ایسا راستہ اختیار کرے جس سے ٹکراؤ کی صورتحال پیدا نا ہو،اگر اس صورتحال میں تشدد شامل ہوا تو حکومت اورعمران خان دونوں کو بھاری نقصان ہو گا۔انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے معاملے پر کل وہ وزیر اعظم سے مشاورت کریں گے،حکومتی نام آنے کے بعد ہی اپوزیشن اپنے نام تجویز کرے گی۔ خورشید شاہ نے بتایا کہ تحریک ِ انصاف سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت جاری ہے، اپوزیشن کےمتفق ہونےپرپارٹی منظوری سےوہ چیف الیکشن کمشنر کے لئےنام وزیر اعظم کو بھجوائیں گے۔