16 اپریل ، 2012
کراچی… سکھر سے چھ ٹانگوں والا بچہ کراچی کے قومی ادارہ برائے صحت اطفال منتقل کردیا گیا ہے ،ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یہ ایک بچہ نہیں بلکہ دوبچے جڑے ہوئے ہیں ،بچے کے آپریشن کا فیصلہ تفصیلی معائنے کے بعد کیا جائیگا۔ این آئی سی ایچ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر جمال رضانے بتایاکہ چھ ٹانگوں والا بچہ ایک نہیں بلکہ یہ دو بچے جڑے ہوئے ہیں ، جن میں ایک بچہ مکمل نہیں ،ڈاکٹرجمال کے مطابق بچوں کے باہر کے علاوہ جسم کے اندر کے اعضا بھی جڑے ہوئے ہیں ، یہ ایک موروثی بیماری ہے اور ایک لاکھ میں سے ایک بچہ اس کا شکار ہوتا ہے۔ ڈاکٹر جمال نے بتایا کہ سرجنز کی ٹیم بچے کا تفصیلی معائنہ کرے گی جس کے بعد آپریشن کا فیصلہ کیا جائیگا ،ان کا کہنا تھا کہ بچے کا آپریشن این ائی سی ایچ میں بھی ہوسکتا ہے اوراگر ضرورت پڑی تو باہر سے بھی ڈاکٹرز کو بلایاجاسکتا ہے ۔