16 اکتوبر ، 2014
اسلام آباد...... شیخ رشید احمد نے عامر ڈوگر کی ممکنہ کامیابی کے بعد حکومت کے خاتمے کی نئی تاریخ طے کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بس تین چار ماہ کی مہمان ہے جبکہ وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ یہ پی ٹی آئی کی جیتی ہوئی سیٹ تھی، اگر تحریک انصاف دوبارہ اسے جیت لے تو کوئی فرق نہیں پڑتا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ضمنی انتخاب میں ووٹوں کا تناسب کم رہا۔ اگر عامر ڈوگر جیت گئے تو اس کا کریڈٹ عمران خان کو نہیں بلکہ شاہ محمود کو جائے گا۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ یہ پی ٹی آئی کی جیتی ہوئی سیٹ تھی، ن لیگ کی صف اول اور صف دوم کی قیادت نے اس حلقے میں مہم نہیں چلائی، عامر ڈوگر آتے جاتے رہتے ہیں، جاوید ہاشمی ایک ہی ہے۔ شیخ رشید احمد نے قربانی کی عید کی ڈیڈلائن ختم ہونے کے بعد حکومت کے خاتمے کی ایک نئی ڈیڈلائن مقرر کی۔ خواجہ سعد رفیق نے تسلیم کیا کہ مسلم لیگ ن کی مقامی قیادت جاوید ہاشمی کے حق میں اپنے حامیوں کو سرگرم نہیں کر سکی۔ جاوید ہاشمی نے بھی استعفا دینے میں جلدی کی۔