پاکستان
16 اکتوبر ، 2014

خواتین کے پولنگ اسٹیشن پر لیگ ن اور پی ٹی آئی کارکنان گتھم گتھا

خواتین کے پولنگ اسٹیشن پر لیگ ن اور پی ٹی آئی کارکنان گتھم گتھا

ملتان...... ملتان میں خواتین کے لیے مخصوص ایک پولنگ اسٹیشن پر مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف کے ڈنڈا بردار کارکنان گتھم گتھا ہوگئے۔مبینہ طور پر ملک عامر ڈوگر کے حمایتی نے پولنگ اسٹیشن میں مداخلت کی تو جاوید ہاشمی کی حمایتی افشین بٹ بھی میدان میں اتر آئیں، پولنگ اسٹیشن میں گھس کر ریٹرننگ افسر پر چڑھائی کردی۔ این اے 149 ملتان کا پولنگ اسٹیشن 132 شمس آباد کالونی،خواتین کے لیے مخصوص کیا گیا تھا۔یہاں معاملات اس وقت خراب ہوئے جب امیدواروں جاوید ہاشمی اور ملک عامر ڈوگر کی پولنگ ایجنٹوں نے،ایک دوسرے پر دھاندلی کے الزامات لگانے شروع کیے۔ بات بڑھنے پر مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف کے ڈنڈا بردار کارکن پولنگ اسٹیشن 132 پر پہنچ گئے۔دھکم پیل اور پولنگ اسٹیشن میں گھسنے کی کوشش پرپولنگ ایک گھنٹے کے لیے روک دی گئی۔ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی تاہم حالات کشیدہ ہونے پر رینجرز نے متاثرہ پولنگ اسٹیشن پہنچ کر پولنگ کا سلسلہ بحال کرایا۔ اسی دوران جاوید ہاشمی کی حمایتی افشین بٹ نامی خاتون دیگر خواتین کے ساتھ پولنگ میں گھس کر ریٹرننگ افسر پر برس پڑی۔ افشین بٹ کا کہنا تھا کہ ملک عامر ڈوگر کا حمایتی بابر شاہ نامی شخص بار بار خواتین کے اس پولنگ اسٹیشن میں مداخلت کررہا ہےلیکن ریٹرننگ افسر نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ ہنگامہ آرائی کے باعث پولنگ اسٹیشن 132 پر مجموعی طور پر ڈیڑھ گھنٹے تک پولنگ کا عمل رکا رہا۔دوسری جانب ریٹرننگ افسر محمد شاہد کی جانب سے افشین بٹ نامی خاتون کے خلاف پولنگ میں مداخلت پر مقدمے کی درخواست دے دی گئی ہے۔

مزید خبریں :