پاکستان
17 اکتوبر ، 2014

کراچی سندھ کے تاج کا کوہ نورہے، بلاول بھٹو زرداری

کراچی سندھ کے تاج کا کوہ نورہے، بلاول بھٹو زرداری

حیدرآباد...... پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی سندھ کے تاج کا کوہ نورہے، سیاسی دجال اور طالبان کے باعث پیپلزپارٹی کے ساتھ یہ صورتحال پیدا ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اب مخالفین دیکھتے جائیں کہ وہ کیا کرتے ہیں ۔پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری حیدرآبادکے گوٹھ بڈل سیال میں سندھ کے ایک عظیم جرنیل ہوشم محمد شیدی کے مزار پر پہنچے اور فاتحہ پڑھی، وہ 24 مارچ 1843 کو انگریزوں کے خلاف لڑتے ہوئے شہید ہوئے تھے۔ مزار کے باہر خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہوش محمد شیدی نے ہی مرسوں مرسوں سندھ نہ ڈیسوں کا نعرہ بلندکیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دشمنوں کوکہنا چاہتاہوں کہ پاکستان اور سندھ ہماراہے اور کراچی سندھ کے تاج کا کوہ نور ہے۔ بلاول نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے پنجاب میں کچھ نہیں کھویا، دھاندلی کرنے والے سیاسی دجال اور طالبان کی وجہ سےپیپلزپارٹی کےساتھ یہ صورتحال پیدا ہوئی، اب مخالف دیکھتے جائیں کہ وہ کیا کرتے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کی آمد پر کارکنوں نے خوشی کا اظہار کیا، بعض خواتین انہیں دیکھ کر جذباتی ہوگئیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کراچی جلسے کے لیے چلو چلو کراچی چلو کے بھی نعرے لگائے ۔

مزید خبریں :