20 اکتوبر ، 2014
راجن پور........ راجن پور میں دماغ کے کینسر میں مبتلا نوجوان زندگی اور موت کی کشمکش میں ہے، جس کی بیوہ ماں نے اپنا تمام مال و متاع لخت جگر کے علاج پر لٹا دیا ہےمگر بیماری کو شکست نہیں دے سکی۔ آمنہ بی بی کی آنکھیں رو رو کے سوج چکی ہیں جو ہر وقت ہاتھ اٹھائے اللہ سے بیٹے کی صحت یابی کی دعائیں مانگتی رہتی ہے۔ 28سالہ جوان بیٹا دماغ کے کینسر میں مبتلا ہے۔ کپڑے سی سی کر رقم جمع کرنے کی کوشش میں لگی رہتی ہے مگر علاج پر لاکھو ں کا خرچ اور روزانہ کی دوائیں اس کی ہمت توڑ دیتی ہیں۔ آمنہ بی بی انکھوں میں آنسو لئے اور دامن پھیلائے آج بھی کسی مسیحا کی منتظر ہے۔ الیاس والد کی وفات کے بعد ماں کا سہارا بننا چاہتا تھا مگر خواب ادھورے رہ گئے۔ بھائی اللہ بچایاکا کہنا ہے کہ میرا بھائی تین سال سے بیمار ہے اور میٹرک کا طالب علم ہے یہ کہتا تھا کہ میں پڑھ لکھ کر بڑا آفسر بنو ںگا اور گھر والوں کی مددکروں گا لیکن اب یہ خود بستر پر پڑا ہے۔ بھائی نے وزیر اعلیٰ شہباز شریف اور مخیر حضرات سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ میرے بھائی کا علاج کروائیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ مرض قابل علاج ہے مگر الیاس کی سانسوں کی ڈوری سلامت رکھنے کے لئے خطیر رقم درکار ہے۔ حکومت یا مخیر حضرات کی ذرا سی توجہ نہ صر ف الیاس کو نئی زندگی دے سکتی ہے بلکہ اس کے خوابوں کو بھی تعبیر مل سکتی ہے۔