23 اپریل ، 2012
کراچی … کراچی اسٹاک ایکس چینج میں ہفتے وار کاروبار کے آغاز پر تیزی رہی اور انڈیکس 4 سال بعد 14 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرگیا۔ پیر کو کاروبار کا آغاز مثبت ہوا اور یہ رحجان تمام دن ہی مارکیٹ میں جاری رہا۔ سرمایہ کار سیمنٹ اور بینکنگ اسٹاکس میں سرگرم نظر آئے۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 147 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 14 ہزار 83 پوائنٹس پر بند ہوا، جو 4 سال بعد انڈیکس کی بلند ترین سطح ہے۔ کاروباری حجم 21 کروڑ شیئرز رہا،سب سے زیادہ کام فوجی سیمنٹ کے شیئرز میں ہوا جس کی قیمت 27 پیسے اضافے سے 7 روپے 4 پیسے ہوگئی۔ دوسری جانب کے ایس ای 30انڈیکس 143 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 12 ہزار 366 پوائنٹس پر بند ہوا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق تیزی کا یہ تسلسل مزید ایک 2 دن جاری رہ سکتا ہے۔