11 دسمبر ، 2014
فیصل آباد ........فیصل آباد میں 8 دسمبر کو پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران فائرنگ سے جاں بحق ہونیوالے کارکن حق نواز کے قتل کے مقدمہ میں نامزد دوبھائیوں سمیت چار افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ فیصل آباد میں 8 دسمبر کو ناولٹی پل پراحتجاج کے دوران پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے تصادم میں فائرنگ سے پی ٹی آئی کا کارکن حق نواز جاں بحق ہو گیا تھا۔پولیس کے مطابق حق نواز کے قتل کیس میں نامزد چار ملزمان امتیاز سراج ، افتخار سراج ، ندیم مغل اور ملک زاہد کو گرفتار کر لیا گیاہے جنہیں تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے ۔ گرفتار ملزمان میں سے ندیم مغل اور امتیاز سراج کو دو روز قبل رانا ثناء اللہ نے بھی اپنی پریس کانفرنس میں میڈیا کے سامنے پیش کیا تھا۔ حق نواز قتل کا مقدمہ 10 نامزد اور 300 نامعلوم افراد کے خلاف ہے ۔ نامزد ملزمان میں رانا ثناء اللہ ، عابد شیر علی اور ڈی سی نور الامین مینگل بھی شامل ہیں ۔ اس واقعہ میں فائرنگ کرتے دکھائی دینے والے شخص تاحال گرفتار نہیں ہو سکا ہے ۔اسکے علاوہ بھی فائرنگ کرنے والے مزید دو کردار بھی سامنے آ چکے ہیں ۔ ابھی تک جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل نہیں پا سکی ہے جبکہ تھانہ سمن آباد کے تفتیشی افسر نے اس مقدمہ میں دہشت گردی کی دفعات کے پیش نظر اس کی تفتیش اعلی پولیس افسر سے کروانے کی درخواست کی ہے ۔