20 دسمبر ، 2014
کراچی..... پاکستان میں پھانسی کی سزا بحال کیئے جانے پر یورپی یونین کیساتھ جی ایس پی پلس اسٹیٹس خطرے میں پڑ سکتا ہے،دوسری جانب آپٹما نے دہشتگردی کےخاتمے کے لیے ہر اقدام کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے ، یورپی یونین کی طرف سے پاکستان کو 2014ء میں جی ایس پی پلس اسٹیٹس دیا گیا تھا،اس میں مجموعی طور پر 27 ایسی شقیں شامل تھیں جن میں ٹیکسٹائل برآمدات کی کوالٹی ،لیبر لازاورانسانی حقوق کے احترام کیساتھ پھانسی کی سزاپر عمل درآمد نہ کرنے کی شق بھی شامل ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پھانسی کی سزا کی بحالی سے یورپی یونین کی طرف سے شدید ردعمل سامنے آسکتا ہے،دوسری جانب چیئرمین آپٹما ایس ایم تنویر نے پھانسی کی سزا کی بحالی کی بھرپور حمایت کی ہے تاہم انہوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس معاملے پرپاکستان کو بھارت اور بنگلہ دیش کی بھرپور مخالفت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، وزارت تجارت کو یورپی یونین سے مذاکرات کر کے اس شق کو حذف کرانے پر آمادہ کرنا چاہیے۔