26 جنوری ، 2015
لاہور........انتخابی دھاندلی کے الزامات پر سابق نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی کی جانب سے دائر کیے گئے دعوے کی سماعت لاہور کی مقامی عدالت میں ہوئی جس میں نہ عمران خان پیش ہوئے اور نہ ان کے وکیل۔ عدالت نے کیس کی سماعت 17فروری تک ملتوی کردی۔ سابق نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی کی جانب سے بیرسٹرعثمان جی راشد نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف دعویٰ دائر کررکھا ہے۔ عدالت کی جانب سے متعدد بار طلب کرنے کے باوجود عمران خان پیش نہیں ہوئے۔ گزشتہ سماعت پر عدالت نے عمران خان کے خلاف یک طرفہ کارروائی کے فیصلے کا کہا تو عمران خان کے وکیل کی جانب سے یک طرفہ کارروائی روکنے کی درخواست پر عدالت نے عمران خان کو آج پیش ہونے کی ہدایت کی تھی لیکن نہ عمران خان آئے اور نہ ان کے وکیل پیش ہوئے۔ پنجاب کے سابق نگراں وزیراعلیٰ نجم سیٹھی خود پر لگائے گئے 35پنکچر کے الزامات کا جواب اپنے پروگرام آپس کی بات میں 6 ستمبر 2014ء کو دے چکے ہیں۔ لاہور کی مقامی عدالت نے عمران خان اور ان کے وکیل کی جانب سے پیش نہ ہونے پر کیس کی مزید سماعت 17فروری تک ملتوی کردی۔