27 جنوری ، 2015
فیصل آباد .......فیصل آباد کے قریب شالیمار ایکسپریس کی بوگی پٹری سے اتر گئی اور ریلوے ٹریک ٹوٹنے سے ٹرینوں کی آمدورفعت گھنٹوں معطل رہی ۔ حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ فیصل آباد سے آج صبح روانہ ہونے والی شالیمار ایکسپریس جب رسالے والا کے قریب پہنچی تو اسکی آخری بوگی پٹری سے اتر گئی اور 50 میٹر دور بوگی کو گھسیٹتے ہوئے ٹرین رک گئی۔ حادثہ کے دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم بوگی اترنے سے ریلوے ٹریک ٹوٹ گیا جس سے ریلوے ٹریفک معطل ہو گئی۔ اس دوران کراچی سے فیصل آبادآنے والی پاکستان ایکسپریس کو رسالے والا، اکبر غوری ایکسپریس کو سرشمیر کے مقام پر روک لیا گیا۔ فیصل آباد سے ریلیف ٹرین میں ریلوے کے عملہ نے پہنچ کر مرمت کر کے ٹریک عارضی طور پر بحال کر دیا جس کے بعد اڑھائی گھنٹے سے رکی ہوئی ٹرینوں کو روانہ کر دیا گیا۔ ریلوے ذرائع کے مطابق حادثہ ریلوے کراسنگ کے دوران کانٹا تبدیل کرنے کے مقام پر پیش آیا اور 50 میٹر تک ٹریک کو نقصان پہنچا ہے ۔ واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔