صحت و سائنس
22 فروری ، 2015

رات گئے کھانا کھانے سے دماغی صلاحیتیں متاثر ہو تی ہیں،تحقیق

رات گئے کھانا کھانے سے دماغی صلاحیتیں متاثر ہو تی ہیں،تحقیق

لاس اینجلس ...... رات گئے کھانا یا دیگر اشیاء کھانے کے شوقین افراد کیلئے بری خبر یہ ہے کہ ایسا کرنے سے ان کی دماغی صلاحیتوںکو نقصان پہنچ سکتا ہے اور ان کی سیکھنے اور یاد رکھنے کی صلاحیت متاثر ہوسکتی ہے۔ امریکی ریاست لاس اینجلس میں کیلی فورنیا یونیورسٹی میں ہونے والی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ وہ لوگ جو رات کو دیر سے کھانا کھاتے ہیں یا پھر سونے سے قبل آئسکریم یا چپس وغیرہ کھانے کے شوقین ہوتے ہیں ان کے مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ہر انسان کا اپنا اندرونی جسمانی وقت ہوتا ہے جس کے مطابق انسانی دماغ کام کرتا ہے۔ غلط وقت پر کھانا دماغ کیلئے نقصان دہ ہوسکتا ہے ، ممکن ہے کہ آپ ایسے وقت پر کھا نا کھا رہے ہوں جب آپ کے اندرونی جسمانی وقت کے تحت آپ کو سویا ہوا ہونا چاہیے۔ موجودہ دور میں زیادہ تر افراد مختلف شفٹوں میں کام کرتے ہیں اور ایسے لوگوں کے روز مرہ کے کام کے اوقات بھی تبدیل ہوتے رہتے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر انسان اپنے اندرونی جسمانی وقت کے مطابق سوئے، جاگے اور کھائے تو زیادہ مسائل نہیں ہوتے ۔ ماہرین کاکہنا ہے کہ سونے اور جاگنے کے اوقات میں رد وبدل بھی انسانی صحت پر اثر انداز ہوتا ہے۔ ہمارا دماغ روزمرہ کے کام کاج کے اوقات کا اندازہ لگاکر اپنا کام کرتا ہے اور اس اوقات میں ہونے والی تبدیلی سے ہمارے رویوں سمیت ہارمونز کے اخراج تک میں خلل آجاتا ہے۔ سونے اور جاگنے کے اوقات میں مسلسل کی جانے والی تبدیلی کی وجہ سے انسان ٹائپ 2ذیابیطس کے مرض میں مبتلا ہوسکتا ہے اور اس کی قوت مدافعت اور حواس خمسہ بھی متاثر ہوسکتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اچھی صحت چاہیے تو اپنے سونے اور جاگنے کا وقت مقرر رکھیں اور صحیح وقت پر کھانا کھائیں۔ 

مزید خبریں :