11 اپریل ، 2015
اسلام آباد.........فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ارکان پارلیمنٹ کی ٹیکس ڈائریکٹر ی جاری کردی۔ پنجاب اسمبلی کے ارشد وڑائچ دو کروڑ 40 لاکھ 80 ہزار روپے ٹیکس دے کر ٹاپ پر ہیں، وزیر اعظم نواز شریف نے 26 لاکھ 11 ہزار روپے جب کہ مولانا فضل الرحمان نے 15 ہزار روپے انکم ٹیکس دیا۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے مسلسل دوسرے سال ٹیکس ڈائریکٹری جاری کرکے ریکارڈ قائم کردیا ، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ٹیکس ڈائریکٹری 2014 جاری کی۔ ٹیکس ڈائریکٹری کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے 26 لاکھ 11 ہزار روپے ، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے 51 لاکھ 25 ہزار روپے انکم ٹیکس دیا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے 22 لاکھ 86 ہزار اور حمزہ شہباز نے 48 لاکھ 88 ہزار روپے انکم ٹیکس دیا۔ پی ٹی آئی کے عمران خان نے دو لاکھ 18 ہزار روپے، شیریں مزاری نے 11 لاکھ 21 ہزار روپے جبکہ شاہ محمود قریشی نے 15لاکھ 33 ہزار روپے انکم ٹیکس دیا۔ پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے ایک کروڑ 24 لاکھ روپے ، چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے 6 لاکھ 85 ہزار اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے ایک لاکھ روپے انکم ٹیکس دیا۔ سابق صدر آصف زرداری کی بہن فریال تالپور نے 48 لاکھ 23 ہزار روپے، وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے ایک لاکھ 11 ہزار اور شرجیل میمن نے 15 لاکھ 89 ہزار روپے انکم ٹیکس دیا۔ دیگر اہم رہنماؤں میں پرویز الہٰی نے 13 لاکھ ، مونس الہٰی 16 لاکھ 9 ہزار روپے، مشاہد حسین سید 48 ہزار روپے اور مولانا فضل الرحمان نے 15 ہزار روپے انکم ٹیکس دیا۔ ایم کیو ایم کے ڈاکٹر فروغ نسیم نے ایک کروڑ 6 لاکھ روپے جب کہ سابق وزرائے خزانہ عمر ایوب نے 34 لاکھ ، سلیم مانڈوی والا نے 12 لاکھ اور نوید قمر نے 40 ہزار روپے انکم ٹیکس دیا۔ وفاقی کابینہ سے خواجہ سعید رفیق نے 28 لاکھ، شاہد خاقان عباسی نے 22 لاکھ ، خواجہ آصف نے 3 لاکھ اور پرویز رشید نے تین لاکھ 13 ہزار روپے انکم ٹیکس دیا۔ سینیٹر تاج محمد آفریدی دو کروڑ 40 لاکھ 7 ہزار روپے انکم ٹیکس ادا کرکے دوسرے نمبر پر ہیں۔ ایک کروڑ روپے سے زیادہ ٹیکس دینے والوں میں شیخ فیض الدین نے ایک کروڑ 32 لاکھ ، سینیٹر طلحہ محمود نے ایک کروڑ 42 لاکھ روپے ، نور سلیم ملک نے ایک کروڑ 21 لاکھ روپے اور شیخ علاؤ الدین نے ایک کروڑ 31 ہزار روپے انکم ٹیکس دیا۔