07 مئی ، 2012
اسلام آباد … وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے بلوچستان سے 2اور پنجاب سے ایک نیا پولیو کیس سامنے آنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ اسلام آباد میں انسداد پولیو ٹاسک فورس کے جائزہ اجلاس میں وزیراعظم گیلانی کو پولیو کے خاتمے کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا ہے کہ 2011 ء میں کوئی کیس سامنے نہ آنے پر بھارت کو پولیو فری ملک قرار دے دیا گیا ہے جبکہ پاکستان میں صرف اس سال 15 کیسز سامنے آئے۔ وزیر اعظم نے بلوچستان سے 2 اور پنجاب سے ایک نیا پولیو کیس سامنے آنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں پولیو کی روک تھام کیلئے ہنگامی اقدامات کی ہدایت کی۔