پاکستان
20 مئی ، 2015

ملک میں خوف اور دہشتگردی کی وجہ غیر ملکی ایجنٹ ہیں، میر سرفراز بگٹی

ملک میں خوف اور دہشتگردی کی وجہ غیر ملکی ایجنٹ ہیں، میر سرفراز بگٹی

لورالائی.........صوبائی وزیر داخلہ و قبائلی امور میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ملک میں افراتفری، خوف اور دہشت گردی پھیلانے والے غیر ملکی ایجنٹ ہیں، علماء کرام کو چاہئے کہ وہ قوم کو متحد کرکے تفرقہ ڈالنے والے عناصر کے خلاف اپنا موثر کردار ادا کریں۔ یہ بات انہوں نے لورالائی میں ایک بڑے قبائلی جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صوبائی وزیر داخلہ نے قبائل پر زور دیا کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق برقرار رکھتے ہوئے اس بات کا عہد کریں کہ وہ نہ تو باہر کے لوگوں کو اپنے علاقوں میں آنے دیں گے اور نہ ہی انہیں پناہ دی جائے گی اور اگر کوئی انہیں پناہ دیتا ہے، تو اس کا سماجی و قبائلی بائیکاٹ کیا جائے گا۔ اس حوالے سے وہ فوری طور پر وہ انتظامیہ کو بھی مطلع کریں۔ انہوں نے کہا کہ باہر سے آنے والے لوگ جو کبھی طالبان اور کبھی کسی اور شکل میں ہمارے علاقوں میں آتے ہیں، وہ ہمارے امن و خوشحالی کے اور ہمارے اتحاد وا تفاق کے دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت ملک اور صوبے سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے نہ صرف پوری طرح پرعزم ہیں، بلکہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ہماری بہادر افواج، پولیس اور لیویز دہشت گردوں کے خلاف جنگ لڑرہی ہیں اور جلد ان کا خاتمہ کردیا جائے گا۔

مزید خبریں :