صحت و سائنس
15 جون ، 2015

بھکر کا ایک گھرانہ جہاں 4 جوان بیٹےبوڑھےماں باپ کے آسرے پر زندہ

بھکر کا ایک گھرانہ جہاں 4 جوان بیٹےبوڑھےماں باپ کے آسرے پر زندہ

بھکر.........ضلع بھکرمیں ایک گھرانہ ایسا بھی ہے جہاں چار جوان بیٹے بوڑھے ماں باپ کا سہارا بننے کے بجائے آج بھی ماں باپ کے آسرے پر زندہ ہیں، اس گھرانے کے شب وروز بے حد کرب سے گزرتے ہیں۔ باپ کے لئے جواں سال بیٹے کی میت کو کاندھا دینا، دْنیا کامشکل ترین عمل قرار دیا جاتا ہے، مگر مٹھو اور اس کی بیوی کا المیہ یہ ہے کہ اس بزرگی میں انہیں صبح و شام ایک دو نہیں بلکہ 4جوان معذور بیٹوں سنبھالنا پڑتا ہے۔ ان معذوروں کو سردی گرمی، دھوپ چھاؤں سے بچانے، کھلانے پلانےاور نہلانے سمیت پہنانے اوڑھانے کی ذمہ داری یہ والدین 25 برسوں سےنبھا رہے ہیں۔ ماں باپ کا کہنا ہے کہ ان کو جب دیکھتے ہیں ہما ری زندگی آدھی ہو جا تی ہے، ہمارے ساتھ ہوتے تو کوئی مزدوری کر لیتے،پڑھ لیتے، یہ بس چار پا ئیو ں پر بیٹھے ہیں، اْٹھا کر لا تے لے جا تے ہیں۔ معذور بیٹوں کی ماں زاراما ئی کا کہنا ہے کہ چھوٹے بچوں کی طرح اسے اپنے معذور بچوں کی خدمت کر نی پڑتی ہے،ہما رے لئے تو یہ چھوٹے ہی ہیں،بڑے ہو تے تو خو د چلتے،کماتے، کھاتے اور ہما ری خدمت بھی کرتے۔ یہی نہیں لاعلاجی کےبعد چاروں اپنی تنہائیوں میں یہی سوچتے ہیں کہ آج تو ماں باپ زندہ ہیں،کل کیا ہوگا؟ 32سالہ ذوالفقار کا کہنا ہے کہ بھا ئی بس یہی باتیں کرتے ہیں کہ دکھ نہ ہوتا تو یہ کرتے وہ کرتے، آج ماں باپ ہیں کل یہ نہیں ہوں گے تو کیا ہو گا؟ 28سالہ قیصر کہتا ہے کہ یہی سوچ آتی ہے کہ ماں باپ سے پہلے ہمیں خداسنبھال لے، نہیں تو ہما ری کیسے گزرے گی؟ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان بھائیوں کو مائیوپیتھی نامی موروثی بیماری ہے، جو کزن میرج کے باعث ہوتی ہے۔ مائیو پیتھی میں ہا تھ اور پاؤں کے پٹھے کمزور ہوجاتے ہیں اور جوڑ ٹیڑھے ہو جا تے ہیں ،مریض با لکل بستر کا ہو کر رہ جا تا ہے،یہ وراثت کی وجہ سے ان میں منتقل ہو تی ہے جن میں فرسٹ کزن میرج ہو تی ہیں۔ سوشل ورکر تسکین نازکے مطابق یہ چاروں بھائی نہ تو خوشحال پنجاب کے ووٹر ہیں اور نہ ہی ان کا شمار معذور افراد میں ہوتا ہے۔ چاروں کے شناختی کارڈہونے چاہئیں،اب ہم ان کا ڈیٹالے کر جائیں گے کہ کم ازکم اس ملک کے معذور افراد کی فہرست میں ان کا نا م آجا ئے۔ موروثی بیماری کے شکار ان جوان بھائیوں کے دکھوں اور اپاہجی کا ذمہ دار خوشحال پنجاب، تعلیم اور شعور کی کمی یا کوئی اور؟ یہ سوال اہم سہی، مگر اس وقت اس گھرانے کی تکلیف میں کمی دو چار ویل چیئرزاور طبی سہولتوں کی فراہمی اور ماہانہ کچھ رقم کی ادائیگی سے ممکن ہو سکتی ہے، اگر کوئی چاہے تو۔

مزید خبریں :