16 مئی ، 2012
اسلام آباد…وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا ہے کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر قابوپانے کیلئے بجلی گھروں کو زیادہ سے زیادہ تیل فراہم کیا جارہا ہے اور پی ایس او اپنی مالی مجبوریوں کے باوجود بجلی گھروں کی ضروریات پوری کر رہا ہے۔ جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر پٹرولیم نے کہا کہ صدر مملکت نے بجلی کی لوڈشیڈنگ پر قابوپانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے بتایا کہ تھرمل پاور پلانٹس کو زیادہ سے زیادہ تیل فراہم کیا جا رہا ہے۔ڈاکٹر عاصم حسین کا کہنا تھا کہ پی ایس او خود مالی مشکلات کے باوجود بجلی گھروں کی تیل ضروریات پوری کر رہاہے۔ انہوں نے بتایا کہ تیل کے ساتھ ساتھ بجلی گھروں کو زیادہ سے زیادہ گیس بھی دے رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ سرکلر ڈیٹ کا مسئلہ حل کرنے کیلئے تیزی سے کام جاری ہے اور اس کے حل ہوتے ہی شیڈنگ پر بھی مسئلہ بھی کافی حد تک قابو پایا جاسکے گا۔