30 اگست ، 2015
اسلام آباد........ امریکہ کی قومی سلامتی کی مشیر سوزن رائس نے وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کی ہے ۔ پاک امریکہ ، پاک افغان تعلقات سمیت کنڑول لائن اور ورکنگ بائونڈری پر بھارتی جارحیت پر بات کی گئی ہے ۔ امریکی مشیر سلامتی سوزن رائس ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں تو انہوں نے وزیر اعظم ہائوس میں وزیر اعظم نواز شریف ملاقات کی ۔ ملاقات میں قومی سلامتی کے ڈائریکٹر اور پاکستان میں امریکہ کے سفیر رچرڈ اولسن بھی ان کے ہمرا ہ تھے۔ جبکہ پاکستان کے مشیر سلامتی سرتاج عزیز، طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ اعزاز چودھری وزیر اعظم کے ہمراہ موجود تھے۔ ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر بات چیت کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقا ت میں وزیراعظم نواز شریف کے اکتوبر کے آخری ہفتے میں متوقع امریکی دورے کے ایجنڈے پر بھی بات کی گئی ۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں سے بھی آگاہ کیا۔ امریکا سے اتحادی سپورٹ فنڈ کی بحالی کی پر بھی بات چیت کی گئی ۔ بھارت کی طرف سے ورکنگ بائونڈری اور کنٹرول لائن پر مسلسل خلاف ورزیوں کا معاملہ بھی اٹھایا گیا۔ خطے میں امن اور سلامتی کے لیے پاکستانی کوششوں سے متعلق بھی امریکی مشیر سلامتی کو آگاہ کیا گیا۔ پاک افغان تعلقات، افغان مصالحتی عمل میں پاکستان کے کردارپر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔