پاکستان
30 اگست ، 2015

پاکستان اور امریکا کا دفاع و دیگر شعبوں میں تعلقات مضبوط کرنے پر اتفاق

پاکستان اور امریکا کا دفاع و دیگر شعبوں میں تعلقات مضبوط کرنے پر اتفاق

اسلام آباد......پاکستان اور امریکا نے دفاع سمیت دیگر شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان بھارت اور افغانستان سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے پر امن اور برابری کی بنیاد پر تعلقات کا فروغ چاہتا ہے۔ امریکی مشیر سلامتی سوزن رائس نے کہا ہے کہ امن کے لئے کوششیں قابل قدر ہیں۔امریکی قومی سلامتی کی مشیر سوزن رائس نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی ، جس میں متعدد امور پر بات چیت کی گئی۔ملاقات میں وزیراعظم نواز شریف کے اکتوبر کے آخری ہفتے میں متوقع امریکی دورے کے ایجنڈے پر بھی بات کی گئی۔امریکی مشیر کودہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں سے آگاہ کیا گیا جبکہ امریکا سے اتحادی سپورٹ فنڈ کی بحالی کی پر بات چیت کی گئی ۔ ملاقات میں بھارت کی طرف سے ورکنگ بائونڈری اور کنٹرول لائن پر مسلسل خلاف ورزیوں کا معاملہ بھی اٹھایا گیا اور خطے میں امن اور سلامتی کے لیے پاکستانی کوششوں سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ پاک افغان تعلقات، افغان مصالحتی عمل میں پاکستان کے کردارپر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی مشیر سلامتی سوزن رائس نے آپریشن ضرب عضب اور خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم نواز شریف نے کہاکہ امریکا انسداد دہشت گردی،دفاع اورمعاشی شعبوں میں پاکستان کا اہم پارٹنر ہے ، پاکستان امریکا کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتاہے اور ان کے اکتوبر میں دورہ امریکا میں پاک امریکا تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔اس موقع پر سوزن رائس کا کہنا تھاکہ دفاع، معیشت اور توانائی کے شعبوں میں پاک امریکا تعاون بہترین سمت میں جا رہا ہے۔وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں قومی سلامتی کے ڈائریکٹر اور پاکستان میں امریکہ کے سفیر رچرڈ اولسن بھی ان کے ہمرا ہ تھے، جبکہ پاکستان کے مشیر سلامتی سرتاج عزیز، طارق فاطمی، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور سیکرٹری خارجہ اعزاز چودھری وزیر اعظم کے ہمراہ موجود تھے۔

مزید خبریں :