27 ستمبر ، 2015
لاہور........ملک کےمختلف علاقوں میں ہونے والے حادثات کے دوران 3بچوں اور تین خواتین سمیت 17 افراد جاں بحق اور 20 افراد زخمی ہوگئے۔ پنجاب کے ضلع گوجرانوالا میں چھچھروالی کےقریب ٹریفک حادثہ ہوا ، پولیس کے مطابق حادثے میں 2 افراد جاں بحق اور7 زخمی ہوئے۔
گجرات میں جی ٹی روڈ کھاریاں میں کار اور وین کی ٹکر ہوگئی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور5 زخمی ہوئے۔ ایک افسوسناک واقعہ مظفرگڑھ میں ملتان روڈ کے قریب ہوا جہاں ایک موٹرسائیکل مسافر بس کی زد میں آگئی، اس واقعےمیں ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہوئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں میاں بیوی اور ان کے تین بچے شامل ہیں۔
حافظ آباد میں ونیکے روڈ پرپتنگ کی ڈور پھرنے سے 20 سالہ موٹر سائیکل سوار شدید زخمی ہوگیا، دوسری جانب خیبرپختون خوا کےضلع دیربالا میں ہونے والے کار ایکسیڈنٹ میں 2 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوئے ، جاں بحق ہونے والوں میں جماعت اسلامی کےایم این اے صاحبزادہ طارق اللہ کے بیٹے وقاص اور ڈسٹرکٹ ناظم صاحبزادہ فصیح اللہ کا بیٹا شامل ہیں۔
مالاکنڈ ایجنسی کی تحصیل بٹ خیلہ کے قریب دریائے سوات میں نہاتے ہوئے 1 نوجوان ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔ بلوچستان کے ضلع خضدار میں وین الٹنے سے 2 خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔