پاکستان
27 ستمبر ، 2015

وزیراعظم نوازشریف کی بان کی مون سے ملاقات

وزیراعظم نوازشریف کی بان کی مون سے ملاقات

نیویارک.......وزیراعظم نوازشریف نے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ بان کی مون سے ملاقات کی اور ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول پر بھارت کےجارحانہ طرز عمل پر احتجاج ریکارڈ کرایا۔

بان کی مون کا کہنا تھا کہ پاک بھارت کشیدگی دور کرنے کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔ نواز شریف اور بان کی مون کے درمیان ملاقات میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے لائن آف کنٹرول پر پاک بھارت کشیدگی پر تشویش کا اظہارکیا اور دونوں ممالک کو کشیدگی کم کرنے پر زور دیا۔

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ بھارتی رویے سے خطے اور عالمی امن کے لیے خطرات پیدا ہو رہے ہیں، پاکستان خطے میں امن کی خاطر صبر و تحمل کامظاہرہ کر رہا ہے، اقوام متحدہ بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں رکوانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

بان کی مون نے یو این پیس کیپنگ فورس کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا،انھوں نے پاکستانی معیشت میں بہتری پر اطمینان کا اظہاربھی کیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ کے ترقیاتی ایجنڈے سے متعلق جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے ترقیاتی اہداف حاصل کرنے کے لیے سب کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا اور مربوط اقدامات کرنے ہوں گے۔اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف نے صنفی مساوات اورخواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق اجلاس میں بھی شرکت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا دین، ملک کا آئین اور بانی پاکستان کا وژن خواتین کے حقوق کا ضامن ہے۔

مزید خبریں :