30 ستمبر ، 2015
ماسکو......امریکی سی آئی اے کے سابق کنٹریکٹر ایڈورڈ اسنوڈن ٹویٹر پرآ گئے، سب سے پہلے امریکی نیشنل سکیورٹی ایجنسی کو فالو کیا ۔ ہلکی پھلکی چھیڑ چھاڑ بھی شروع کر دی۔
ایڈورڈ اسنوڈن ٹویٹر پر آتے ہی ان کے فالوورز کی تعداد 7لاکھ سے بھی زیادہ ہوگئی ،اکاونٹ بناتے ہی سابق سی آئی اے کنٹریکٹر نے لکھا کہ "کین یو ہیئر می ناؤ؟" یعنی کیا آپ مجھے سُن سکتے ہیں؟اپنی پروفائل میں انھوں نے لکھا ہے کہ میں پہلے حکومت کیلئے کام کرتا تھا، اب میں عوام کے لیے کام کرتا ہوں۔
وہ اب تک صرف ایک ٹویٹر صارف کے فالور بنے ہیں اور وہ امریکی نیشنل سیکورٹی ایجنسی ہے۔اپنے دوسرے ٹویٹس میں انھوں نے لکھا ہے،اب تو مریخ پر پانی مل گیا ہے! کیا آپ کو لگتا ہے وہ سرحد پر پاسپورٹ چیک کرتے ہوں گے؟۔
2013 میں ایڈورڈ اسنوڈن نے میڈیا میں امریکا کی خفیہ ایجنسی کے انٹرنیٹ اور فون رکارڈز کی نگرانی کی تفصیلات کا انکشاف کیاتھا اور اس کے بعد انھوں نے امریکا چھوڑ دیا تھا۔