30 ستمبر ، 2015
پشاور ......خیبرپختونخوا میں صنعتکاروں نے بھتا خوری کی شرح کم ہونے کا اعتراف کیا ہے اور کہا ہے کہ گزشتہ 4 ماہ میں بھتا خوری کی ایک شکایت بھی سامنے نہیں آئی ہے، جس سے صوبہ میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے تاجروں اور صنعت کاروں کا اعتماد بحال ہورہا ہے۔
پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں خیبرپختونخوا ایوان صنعت وتجارت کے صدر فواد اسحاق کا کہنا تھا کہ وزیرستان میں آپریشن ضرب عصب اور خیبر ایجنسی میں خیبر ون کے بعد حالات بہتر ہوئے ہیں اور وہ صنعتکار جو اپنا سرمایہ صوبہ سے باہر منتقل کرچکے تھے واپس آنے کا سوچ رہے ہیں۔
فواد اسحاق کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے صوبے میں ڈرائی پورٹ اور ایکسپو سنٹر کے قیام سے صوبہ میں صنعت وتجارت کو فروغ حاصل ہوگا جبکہ نئی صنعتی بستیوں کے قیام اور پرانی بستیوں کی بحالی سے سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔
صنعت کاروں کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں ڈرائی پورٹ کے قیام سے یہاں تیار ہونے والے مصنوعات کی افغانستان، وسطی اشیاء اور یورپ تک ترسیل ممکن ہوسکے گی۔