08 اکتوبر ، 2015
نیویارک ......چھینک آنا کوئی حیرت کی بات نہیں لیکن اگر آپ کو ایک منٹ میں20 اور دن بھر میں ہزاروں چھینکیں آئیں تو یقیناًیہ ہوش اُڑا دینے والی بات ہے۔ 12سالہ امریکی لڑکی چھینکنے کی ایسی انوکھی بیماری کا شکار ہے جس میں اُسے روزانہ تقریبا 12ہزار مرتبہ چھینکیں آتی ہیں۔
امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر اینگلٹن کی رہائشی12 سالہ لڑکی کیٹلین تھورنلے کو چھینکیں آنے کا سلسلہ چند ہفتوں قبل ہی شروع ہوا ہے، جس کے بعد اس نے اسکول جانا بھی چھوڑ دیا ہے۔
کیٹلین کا کہنا ہے کہ روزانہ ہزاروں بار چھینکنے سے اس کی صحت بہت خراب ہو گئی ہے، اکثر اس کی ٹانگوں اور پیٹ میں بھی درد رہتا ہے۔
کیٹلین کے والدین اپنی بیٹی کی اس صورتحال کے پیش نظر چھ سے زائد ڈاکٹروں سے رابطہ کر چکے ہیں جنہوں نے اسے وائرس اور الرجی کا نتیجہ بتایا ہے، تاہم ڈاکٹروں کی تجویز کردہ ادویات سے کوئی افاقہ نہیں ہو رہا ہے۔
بعض طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اتنی زیادہ تعداد میں چھینکیں آنے کا تعلق دماغی تھکان سے بھی ہو سکتا ہے۔