15 اکتوبر ، 2015
ابوظہبی........پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے دن کھیل ختم ہونے تک انگلش ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 290رنز بنائے ہیں۔
انگلش کپتان الیسٹر کک 168رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں جبکہ انکے ہمراہ جوائے روٹ 3 رنز کے ساتھ کریزپر موجود ہیں،انگلینڈ کی ٹیم ابھی پاکستانی مجموعے سے 233رنز دور ہے اور اسکی سات وکٹیں باقی ہیں۔
اس سے قبل معین علی 35،ایان بیل 63اور مارک ووڈ 4رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ انگلش کپتان نے نہایت ہی شاندار اننگز تراشی اور وکٹ کے چاروں طر ف اسٹروک کھیل کر تماشائیوں کے دل موہ لیے۔
پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے 79رنز دیکر دو جبکہ عمران خان نے 39 رنز کے عوض ایک وکٹ اپنے نام کی۔راحت علی، ذوالفقار بابر،اسد شفیق اور شعیب ملک کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔یاد رہے کہ کل کھیل کا چوتھا دن ہے۔