22 اکتوبر ، 2015
ملتان........ڈینگی مچھر نے ملتان میں دہشت پھیلادی ، نشتر اسپتال میں زیر علاج ڈینگی کی مریضہ دم توڑ گئی۔ 24 گھنٹوں کےدوران شہر میں مزید 7 مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوگئی ہے۔
نشتر اسپتال میں روزانہ 15 شہریوں میں ڈینگی بخار کی تصدیق نے شہر میں خوف ہراس پیدا کردیا۔ محکمہ صحت کا کہناہے کہ شہر کے 68 مقامات سے ڈینگی لاروا ملا ہے۔
ملتان کے نشتر اسپتال میں زیر علاج ڈینگی سے متاثرہ مظفر گڑھ کے نواحی علاقہ شہر سلطان کی خاتون نشاط بی بی دم توڑ گئی ۔ ملتان میں ایک روز میں مزید 7 ڈینگی وائرس سے متاثرہ مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد ڈینگی کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 217 ہو گئی ہے جبکہ 397 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں ۔