25 اکتوبر ، 2015
کراچی........ملک بھر میں ڈینگی مچھر کے وار جاری، راولپنڈی میں چودہ سال کا لڑکا ڈینگی وائرس سے جاں بحق، ملتان میں مزید گیارہ افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ، خیبر پختونخوا میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد چودہ سو سے بڑھ گئی، کراچی میں ڈینگی سے متاثرین کی تعداد ڈھائی ہزار ہوگئی۔
ڈینگی کا وار کسی طور خالی نہیں جارہا۔ راول پنڈی میں ڈینگی سے متاثرہ چودہ سالہ بچہ اسپتال میں دم توڑ گیا ، ملک کے مختلف شہروں میں ڈینگی وائرس بے قابو ہونے لگا۔
ڈینگی کا ڈنک پھر سر اٹھانے لگا۔ ڈینگی وائرس اگست سے لے کر اب تک صرف راولپنڈی میں ہی کئی شہریوں کو شکار بناچکا ۔ رواں ماہ راولپنڈی میں ایک خاتون جاں بحق ہوئیں اور اب راول پنڈی کے ہولی فیملی اسپتال میں زیرعلاج ڈینگی بخارمیں مبتلا چودہ سال کا بچہ سعد بھی دم توڑگیا، جس کے بعد رواں سیزن میں راول پنڈی میں ڈینگی سے جاں بحق افراد کی تعداد سات ہو گئی۔
ادھر ملتان میں بھی ڈینگی کا وار خالی نہیں گیا ، محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ یکم جنوری سے اب تک ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد دو سو اڑتالیس ہوگئی۔ کوہاٹ میں ڈینگی وائرس کے چار مریضوں کی تصدیق ہوگئی۔
کراچی میں بھی ڈینگی وائرس تیزی سے اپنا اثر دکھا رہا ہے، شہر میں اب تک اس مرض سے ہلاکتوں کی تعداد چھ ہو گئی ہے۔ملک کے مختلف شہروں میں ڈینگی بے قابو اور انتظامیہ بے بس نظر آرہی ہے۔ متاثرہ مریضوں کے خاندانوں کا کہنا ہے کہ ڈینگی کے علاج کے لیے اسپتالوں میں سہولتیں ناکافی اور ڈینگی سے بچنے کے لیے اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔