10 نومبر ، 2015
نئی دہلی.......بھارت میں ابھی ادیبوں اور فنکاروں کی جانب سے اعزازات واپس کرنے کا سلسلہ نہیں رکا تھا کہ سابق فوجی بھی اس دوڑ میں شامل ہوگئے۔
مودی سرکار نئے گرداب میں پھنس گئی۔بھارتی حکومت نے چوبیس لاکھ سے زائد سابق فوجیوں اور چھ لاکھ فوجیوں کی بیواؤں کے لیے ایک رینک ایک پینشن کا اصول منظور تو کیا مگر یہاں بھی احتجاج کرنے والوں کے ساتھ ہاتھ کرگئی۔
سابق فوجی کہتے ہیں کہ جس قانون کا وعدہ کیا گیا تھا اس میں ترمیم کردی گئی جبکہ وزیردفاع کاکہنا ہے کہ جمہوریت میں احتجاج کا حق سب کو ہے مگر بات ہر ایک کی نہیں مانی جاسکتی۔ اس بیان نے جلتی پر تیل کا کام کیا اور سابق فوجیوں نے احتجاجاً اپنے اعزازات واپس کرنے کا اعلان کرڈالا۔
انڈین ایکس سروس مین موومنٹ کے جنرل سیکریٹری وی کے گاندھی نے خبردار کیا ہے کہ ان کے تمام ساتھی اندرا گاندھی انٹرنیشنل ائرپورٹ کے ٹرمینل ون کے سامنے میڈلز واپس کریں گے۔ اور اگر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے تمغے وصول کرکے صدر یا وزیراعظم کو نہ بھیجے تو انھیں وہیں چھوڑ دیا جائے گا۔