25 مئی ، 2012
ملتان … پولیس نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے 2 خطرناک ملزمان کو گرفتار کر لیا، ملزمان سے ہینڈ گرنیڈ اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ اس بات کا انکشاف سی پی او ملتان عامر ذوالفقار نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران بتایا سی پی او کے مطابق 23 اور 24 مئی کی درمیانی شب پولیس تھانہ کینٹ نے قاسم بیلہ کے قریب ایک ناکہ لگایا ہوا تھا جہاں پر خالد محمود اور پرویز موٹر سائیکل پر سوار تھے جنہیں روکنے کی کوشش کی گئی تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی جنہیں پولیس مقابلہ کے بعد گرفتار کر لیا گیا، جن سے ایک کلاشنکوف، ایک ہینڈ گرنیڈ، ایک پستول اور 35 الیکٹر ڈیٹونیٹرز برآمد کئے گئے۔ تفتیش کے بعد معلوم ہوا کہ ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان قاری عبدالجبار عرف حکیم کے گروپ سے ہے جو مالاکنڈ ایجنسی سے تعلق رکھتے ہیں۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف تھانہ کینٹ میں 3 مختلف مقدمات درج کر دیئے ہیں۔