16 نومبر ، 2015
لندن ......کرسمس کی آمد میں ایک ماہ سے زائد کا عرصہ باقی ہے لیکن دنیا بھر میں اسے خوش آمدید کہنے کیلئے تیاریاں مکمل زور پکڑ چکی ہیں، جس کی تازہ ترین مثال برطانوی کاؤنٹی ولٹ شائر کے علاقے لانگ لیٹ میں دیکھنے کو مل رہی ہے جس میں کرسمس کی مناسبت سے فیسٹیول آف لائٹ کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔
لانگ لیٹ میں منعقدہ یورپ کے اس سب سے بڑے فیسٹیول آف لائٹ کو 20حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں کم وبیش23ہزار سے زائد مختلف اشکال کی رنگ برنگی لالٹیں سجائی گئی ہیں۔
برطانیہ میں سجائے گئے چائنیز لینٹرن فیسٹول میں سب سے زیادہ توجہ کا مرکز 50میٹرلمبا آگ اُگلتا ڈریگن ہے جسے ہزارپورسلین کپ، پلیٹوں اور پیالوں کی مدد سے تیار کیا گیا ہے اور 5میٹر اونچی ٹی پوٹ جسے ہزاروں شیشے کی بوتلوں سے تخلیق کیا گیا ہے۔
چین سے آئے سیکڑوں ماہر لالٹین ڈیزائنرز نے کم وبیش3ماہ کے عرصے میں یہ پورا فیسٹیول آف لائٹ سجایا ہے جس میں جہاں پانڈے، زراف، چیتے، ہاتھی اور مور دکھائی دے رہے ہیں وہیں چین کے شہر آفاق ٹیمپلز، خصوصی روایتی ماسکس اور پھول بھی دکھائی دے رہے ہیں۔