18 نومبر ، 2015
نیویارک ......زیر آب قدرت کےشاہکار دیکھنا اور ایک نئی دنیا کی سیر یقیناًایک خواب سے کم نہیں ہے، ایسے ہی سپنوں کو حقیقت کا روپ دینے کیلئے ماہر انجینئرز اور ڈیزائنرز نے ایک انوکھی الیکٹرک آبدوز تیار کر لی ہے۔
ڈیپ فلائٹ نامی امریکی کمپنی نے ایک ایسی منفرد ننھی آبی سواری تیار کی ہے جو سمندر کی تہہ میں جا کرآپ کوقدرت کے حسین نظارے دیکھنے کا موقع فراہم کریگی۔
دو نشستوں پر مشتمل یہ سب میرین جدید ٹیکنالوجی کا شاہکار ہے جس میں لگے ہوورزاور گلائیڈرزاسے زیر آب غوطہ کھانے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
صرف یہی نہیں بلکہ اس میں لگی الیکٹرک بیٹری دو گھنٹے مکمل چارج ہونے کے بعد 6گھنٹے تک پانی کے اندرسمندر کی تہہ میں سفر کر سکتی ہے تاہم اگر بیٹری تیراکی کے دوران ہی ختم ہو جائے تو اس میں نصب جدید سسٹم کی بدولت یہ خود کار انداز میں تیرتے ہوئے پانی کی سطح پر نمودار ہو جائیگی۔
آبدوزکی ابتدائی قیمت 1اعشاریہ5ملین ڈالر متعین کی گئی ہے جو فروخت کیلئے پیش کر دی گئی ہے۔