25 مئی ، 2012
کراچی … وفا قی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ شکیل آفریدی غدار ہے اور اس پر مقدمہ پاکستانی قانون کے مطابق چلایا گیا، رحمان ملک کا مزید کہنا ہے کہ محبت سندھ ریلی کی اجازت نہیں لی گئی تھی اگر لی جاتی تو سیکیورٹی بھی فراہم کرتے، دوہری شہریت والے ووٹ ڈال سکتے ہیں تو لے کیوں نہیں سکتے۔ کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر شکیل آفریدی کو غداری کے جرم میں سزا دی گئی، شکیل آفریدی پر ایف سی آر کے مطابق کیس چلایا گیا اور اس کو سزا پاکستانی قوانین کے مطابق دی گئی۔ رحمان ملک نے کہا کہ محبت سندھ ریلی کی اجازت نہیں لی گئی اگر لی جاتی تو سیکیورٹی بھی فراہم کرتے۔ رحمان ملک نے کہا کہ ریلی اجازت کے بغیر نکالی گئی اور اجازت کے بغیر ریلی نہ روکنے پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، اگر ریلی اجازت سے نکالی جاتی تو شاید بے گناہ لوگ نہ مرتے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ریلی میں ملزمان کی شرکت کا نوٹس نہ لینے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ رحمان ملک نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ دہری شہریت سے متعلق قانون میں تضاد ہے، اگر دوہری شہریت والے ووٹ ڈال سکتے ہیں تو ووٹ لے کیوں نہیں سکتے۔