28 مئی ، 2012
کراچی…کراچی میں صدر آصف علی زرداری کی جانب سے کراچی اور سندھ بھر میں امن کے لیے بنائی گئی کمیٹی کے ارکان اور پیپلز پارٹی کے رہنماء ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پہنچے۔ وفد میں وفاقی وزراء امین فہیم،سید خورشید شاہ،سید نوید قمراور سینٹر مولا بخش چانڈیو شامل ہیں۔ ایم ایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین نے وفد کے ار کان کا استقبال کیا۔وفد کے سربراہ اور وفاقی وزیرتجارت مخدوم امین فہیم نے نائن زیرو پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہپی پی پی اور ایم کیو ایم شہر میں قیام امن کے لئے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں،سندھ بھرمیں ملازمتوں کے مسئلے کو بات چیت سے حل کیا جائے گا۔اس موقع پر ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن اور صوبائی وزیر رضا ہارون نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی امن پسند شہر ہے اورتمام قومیتیں ایک ہیں ، جرائم پیش افراد کی عدم گرفتاری پر متحدہ قومی موومنٹ کو تشویش ہے۔دریں اثناء پیر کو گورنر ہاوٴس میں ملاقات کے دوران ایم کیو ایم کے وفد نے پیپلز پارٹی کی مقامی قیادت کی کالعدم امن کمیٹی کے سربراہ سے ملاقات پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔