22 جنوری ، 2016
برسلز........بیلجئیم کے دارالحکومت برسلز میں 2016ء کے سب سے پہلے یورپین موٹر شو کا میلہ سج گیا ہے ۔
برسلز کے ہیزل ایگزبیشن پارک میں جاری 94ویں برسلزموٹر شو میں پیش کی جانیوالی مرسڈیزبینز،بی ایم ڈبلیو، نیسان، لینڈ رور، شیورلیٹ، جیگوار، فورڈ اورہونڈا سوکس کی جدید اور نت نئی چمچماتی گاڑیاں لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔
1902سے لے کر اب تک ہرسال کی طرح اس سال بھی برسلزموٹر شو کی رونقیں عروج پر ہیں جہاں دنیا بھر سے180 گاڑی ساز کمپنیاں شرکت کررہی ہیں جو اپنی سابقہ گاڑیوں کو نئی جدت کیساتھ متعارف کروانے کے علاوہ نئی گاڑیوں کے ماڈل بھی نمائش کے لیے پیش کررہی ہیں۔
رواں سال اس موٹرشو میں گاڑیوں کے معروف برانڈز کی جانب سے ایک ہزار سے زائد ماڈلز پیش کئے گئے ہیں جن میں آٹو موبائلز کے ساتھ ساتھ بائیکس کے ماڈلز بھی دیکھنے والوں کی توجہ سمیٹ رہے ہیں۔
ہر قسم کی جدید ٹیکنالوجی سے لیس اسپورٹس کار ہو یا الیکٹرک اور لگژری سے لیکر کمرشل گاڑیوں کے نئے ڈیزائن واسٹائل متعارف کراتا یہ موٹر شو24جنوری تک جاری رہیگا۔