02 جون ، 2012
اسلام آباد … وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے بلوچستان میں لاپتا افراد سے متعلق ضروری قانونی سازی کرنے کی ہدایت کردی ہے، حکومت نے بلوچستان میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کو بند کردینے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے راہداریاں دینے کا سلسلہ ختم کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ بلوچستان کے حالات پر وزیراعظم کی زیر صدارت پرائم منسٹر ہاوٴس میں ہونیوالے اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان، وزراء اور ارکان پارلیمنٹ شریک ہوئے۔ داخلہ، خزانہ اور اطلاعات کے وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں موجود تھے۔ سرکاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے بلوچستان میں جاری راہداریاں ختم کرنے اور ان اداروں کو آئندہ راہداریاں جاری کرنے کا اختیار نہ دینے کا فیصلہ بھی کیا۔ یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ بلوچستان کے اندر نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی نقل و حرکت بند کرنے اور نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کو پہلے سے جاری عارضی اجازت نامے بھی منسوخ کردیئے جائیں گے، بلوچستان میں سیاہ شیشے والی گاڑیوں پر پابندی لگانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اجلاس میں طے پایا کہ وزیراعظم کل 2 روزہ دورے پر بلوچستان جائیں گے جہاں وہ مختلف سماجی طبقوں سے ملیں گے۔ وزیراعظم نے بلوچستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیت بڑھانے کے علاوہ لاپتہ افراد سے متعلق ضروری قانونی سازی کرنے اور انسداد دہشت گردی ایکٹ میں ترمیم کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کو وفاقی اور صوبائی قانون نافذ کرنے والے اداروں میں بہتر رابطوں کو یقینی بنانے کا ٹاسک دے دیا گیاہے۔