02 جون ، 2012
کراچی … وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سید خورشید شاہ کاکہنا ہے کہ مسلم لیگ ن عمران خان کے خوف کا شکار ہے، بجٹ اجلاس میں ہنگامہ آرائی اسی لئے کی گئی، اس بجٹ کے بعد کوئی منی بجٹ نہیں آئے گا لیکن عالمی مارکیٹ میں تیل اور گیس کی قیمتوں میں رد و بدل کا اثر تو پڑتا ہے، اسے منی بجٹ نہیں کہا جاسکتا۔ کراچی ایئرپورٹ پر آمد کے بعد سید خورشید شاہ نے سول ایوی ایشن اتھارٹی میں پیپلز پارٹی کی حمایت یافتہ یونین فیڈریشن آف سول ایوی ایشن ایمپلائز کے جلسے میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے سی اے اے کے سپورٹنگ اسٹاف کو ان کی تعلیمی قابلیت اور تجربہ کی بنیاد پر گروپ 3اور 6 میں ترقی کے سرٹی فکیٹ تقسیم کئے اور کہا کہ یہ جمہوریت کی ہی قوت ہے کہ عوام کو ان کا حق مل رہا ہے۔ صحافیوں سے گفت گو کرتے ہوئے سید خورشید شاہ نے کہا کہ اس بجٹ کے بعد کوئی منی بجٹ نہیں آئے گا لیکن عالمی مارکیٹ میں تیل اور گیس کی قیمتوں میں رد و بدل کا اثر تو پڑتا ہے، اسے منی بجٹ نہیں کہا جاسکتا۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سال بجلی کے بحران میں کمی پر خصوصی توجہ دیں گے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن عمران خان کے بھوت سے خوف زدہ ہے۔